*اساتذہ اپنے آپ کو اپڈیٹ رکھیں۔ سید شریف*
*پربھنی:* (13جون)
تعلیمی سال کی آمد آمد ہے۔ تعلیمی میدان میں کام کرنے والوں کے لئے ہر نیا تعلیمی سال گذشتہ سال کے مقابلے میں نئے چیلنجز کے ساتھ امکانات کے بے شمار مواقع لے کر آتا ہے۔ تعلیمی سال کے آغاز پر AIITA مہاراشٹر کے ریاستی صدر جناب سید شریف صاحب نے تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیم کا منظر نامہ آنے والے برسوں میں بڑی تیزی سے بدلنے والا ہے۔ NEP 2020 اور NCF 2023 کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ تعلیمی نظام میں ایک بڑی تبدیلی ہونے جارہی ہے۔
وہیں دوسری جانب مصنوعی ذہانت Artificial Intelligence بھی اپنی پوری آب تاب کے ساتھ ہر شعبہ زندگی کو متاثر کر رہی ہے۔ اس موقع پر موصوف نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا کہ مجوزہ قومی نصابِ تعلیم کے خاکہ میں اگر ہم اپنے اساتذہ کا جائزہ لیں تو 80 فیصد سے زائد اساتذہ کی اہلیت ناکافی ہوگی۔ جس کے نتائج بے روزگاری کی شرح میں اضافہ کا سبب بن سکتے ہیں۔ ایسے نازک حالات میں ہم اساتذہ پر خاص طور پر یہ ذمہ داری عائد ہوجاتی ہے کہ ہم حالات سے موافقت پیدا کرتے ہوئے اپنے آپ کو اپڈیٹ رکھیں اور اپنے تعلیمی اداروں کو بھی اس سے ہم آہنگ کرنے کی فکر کریں ۔ ہم اپنا ایک ویژن سیٹ کریں اور اسی کے مطابق اسکول اور سماج میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور بلند کرنے کے لئے کوشاں رہیں۔
محترم سید شریف صاحب نے اساتذہ کے نام جاری پیغام میں کہا کہ، 15 جون 2023 سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس موقع پر ہم نئے تعلیمی سال کا پورے عزم و حوصلہ کے ساتھ استقبال کرتے ہے۔ اور اساتذہ سے گزارش کرتے ہیں کہ اساتذہ اپنے آپ کو اپڈیٹ کرتے رہیں اور بالخصوص NEP 2020 اور NCF 2023 کا مطالعہ کریں اور ساتھ ہی ساتھ اپنی تعلیمی قابلیت میں اضافہ کی بھی فکر کریں۔ آپ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انشاءاللہ اساتذہ جدید پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ ہوکر نئی نسل کو زمانے کے عصری تقاضوں کے مطابق جدید تناظر میں تعلیم وتربیت کے سامان فراہم کرتے ہوئے چیلنجز کا جواں مردی اور ثابت قدمی سے مقابلہ کریں گے۔اور صالح معاشرے کی تعمیر میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں گے۔

0 Comments